امریکا کی جانب سے ایرانی جزیرے لارک پر حملے اور ایران کی جوابی کارروائی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع چھٹے ماہ میں داخل ہونے کے دوران عالمی توانائی کی منڈی ایک بار پھر شدید غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 1.08 ڈالر یا 1.23 فیصد اضافے کے بعد 89.18 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 92 سینٹ یا 1.10 فیصد اضافے کے بعد 84.32 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تازہ فوجی کشیدگی نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات دوبارہ بڑھا دیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کتنے عرصے تک برقرار رہے گی، اس بارے میں حتمی اندازہ لگانا مشکل ہے اور کشیدگی چند دن یا کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
امریکا ایران میں پھر ٹکراؤ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ایک ڈالر سے زائد بڑھ گئی
