عدالتی حکم پر گورنمنٹ دہلی سکول کو سیل کیے جانے کے خلاف سینکڑوں طلبہ، اساتذہ اور والدین نے سکول کے باہر احتجاج کیا جبکہ بچے سکول کا تالا توڑ کر عمارت میں داخل ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سکول کے باہر کم عمر طلبہ و طالبات نے احتجاج کیا جبکہ اساتذہ بھی ان کے ہمراہ موجود رہے۔ طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور سڑک پر اسمبلی بھی کی۔
طلبہ اور اساتذہ کا کہنا تھا کہ اگر سکول نہ کھولا گیا تو وہ سڑک پر کلاسز لگائیں گے۔
ڈی او سینٹرل سکول ایجوکیشن نواز علی کے مطابق ہم اپیل پر عدالت جا رہے ہیں، امید ہے عدالت ہمیں سنے گی اور تعاون کرے گی، ہم سکول کو بچانے کے لیے عدالت میں اپیل کر رہے ہیں۔